برِصغیر پاک و ہند کے مُمتاز ومعروف نعت گوشاعر و نعت خوان حسانُ العصر حضرت الحاج محمد علی ظہوریؒ (تمغۂ حُسنِ کارکردگی) 12  اگست 1932 ء بروز جُمعہ بمطابق 8  ربیعُ الثانی1351 ھ کو موضع رائیاں رائیونڈ روڈ لاہور میں حاجی نُور محمد نقشبندیؒ کے ہاں پیدا ہوئے جو بنیا دی طور پر ایک زمیندار تھے اور کاشت کاری کے شعبے سے وابستہ تھے۔ حاجی نُور محمد صاحبؒ کا شمارمعروف روحانی بزرگ حضرت میاں شیر محمد شرقپوریؒ کے خاص مریدین میں سے ہوتا تھا یہاں تک کے وہ آپ کو خلافت بھی دینے والے تھے لیکن پھر میاں صاحبؒ کا وصال ہوگیا اور آپ اس سعادت سے محروم رہ گئے۔قبلہ ظہوری صاحبؒ کی والدہ محترمہ بھی نہایت نرم دل،نیک صفت اور صوم و صلٰوۃ کی پابند پاکباز خاتون تھیں۔قبلہ ظہوری صاحبؒ کے کل تین بھائی اور چار بہنیں تھیں جبکہ آپ سب سے چھو ٹے تھے اور سب سے زیادہ لا ڈلے بھی۔